اُڈپی ، 2 /جون (ایس او نیوز) ڈاکہ ڈالنے کی نیت سے ہلاکت خیز ہتھیار اور مرچی پاوڈر کے ساتھ کار میں گھوم رہے 6 مشتبہ افراد کو کاپ پولیس نے گرفتار کر لیا ۔
پولیس کی طرف سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق گرفتار شدہ ملزمین کی شناخت امیت راج، پرکاش، ورون، کارتیک شیٹی، ابھیشیک اور شری کانت شریپتی کے طور پر کی گئی ہے ، جو مولکی، وامنجور، سورتکل، کاٹیپلّا اور فرنگی پیٹ وغیرہ سے تعلق رکھتے ہیں ۔ ان کے قبضے سے کار، ہتھیار، مرچی پاوڈر اور دیگر اشیاء ضبط کی گئی ہیں ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کاپ سرکل پولیس انسپکٹر جیا شری نے جب مشکوک انداز میں چکر لگاتی ہوئی ایک کار کو ادیاور کے قریب رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمین نے کار روکنے کے بجائے اسے تیزی سے آگے بڑھاتے ہوئے کاپ کی طرف فرار ہونے کی کوشش کی ۔ سرکل انسپکٹر جیا شری نے فوراً کاپ پولیس اسٹیشن کو اس بات کی اطلاع اور خود کار کا پیچھا کرنے لگی ۔ ادھر کاپ پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر عبدالقادر نے بھی دوسری طرف سے کار کا پیچھا کرنا شروع کیا اور کوتل کٹَے کے قریب اس کاراستہ روکنے میں کامیاب ہوگئے ۔ کار کی تلاشی لی گئی تو اس کے اندر جان لیوا ہتھیار موجود پائے گئے ۔ اس کے بعد کار میں موجود 6 ملزمین کو گرفتار کر لیا گیا ۔
معلوم ہوا ہے کہ گرفتار کیے گئے ملزمین میں سے ایک شخص دو سال قبل سورتکل میں ہوئے فاضل مرڈر کیس میں بھی بطور ملزم شامل ہے ۔